کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کا کو وِڈ نائنٹین کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔
سعد ایدھی کا ٹیسٹ اپنے والد کے ٹیسٹ سے بھی قبل مثبت آیا تھا،تاہم اب ان کا دوبارہ کیا گیا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔
سعد ایدھی نے بتایا کہ جب وہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے گئے تھے تو انھیں گیسٹ روم میں بٹھایا گیا تھا،صرف والد صاحب ہی وزیر اعظم سے ان کے آفس میں ملے تھے،وہ اس وقت سیلف آئسولیشن میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ والد فیصل ایدھی کا 5 روز بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا،والد کےعلاوہ باقی ہم سب کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔
گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئےفیصل ایدھی نے کہا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی علامات وزیر اعظم سےملاقات کے 30 گھنٹے بعد ظاہر ہوئی تھیں،امکان ہے کہ وائرس کراچی ہی سے میرے ساتھ آیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لیاری سے تعلق رکھنے والے ورکر میں وائرس تھا، گلوز بھی پہنے ہوئے ہوں تو بھی کورونا ہو جاتا ہے،بہت احتیاط کی،سماجی فاصلہ بھی رکھا،ہاتھ بھی نہیں ملایا لیکن وائرس لگ گیا ہے۔
خیال رہے کہ ذرائع محکمہ صحت نے کہا تھا کہ فیصل ایدھی سے پہلے ان کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔وزیر اعظم سے ملاقات کی وجہ سے گزشتہ روز عمران خان کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا ہے۔