کورونا وائرس: ریڈ کراس تنظیم پاکستان میں متحرک

390

کراچی (حماد حسین ): انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) اور پاکستان ریڈکریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) جیلوں میں کووِڈ- 19کے پھیلاو کو روکنے کیلئے سندھ حکومت کو تعاون فراہم کررہی ہیں۔

انسپکٹر جنرل برائے جیل خانہ جات نے حفاظتی ضروریات پر مشتمل سامان کی تقسیم کی تقریب مین گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ” میں شکرگزار ہوں کہ آئی سی آر سی اور پی آر سی ایس کی طرف سے جیلوں میں کووِڈ- 19کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ہمیں تعاون فراہم کیا جارہا ہے،حکومتِ سندھ اور میرے محکمے کی طرف سے جیلوں میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ 

آئی آرسی آرسی اور پی آرسی ایس کی جانب سے انسپکٹر جنرل برائے جیل خانہ جات کو 52 ہزار584  صابن، 60 ہزار سرجیکل ماسک، 53 غیر استعمال شدہ تھرمامیٹر، 145  لیٹر بلیچ،  67 کلو کلورین تقسیم  کیلئے  فراہم کیا گیا جبکہ شعور و آگہی فراہم کرنے کے لیے مختلف زبانوں میں ضروری  ہدایات پر مبنی مواد بھی فراہم کیا گیا تاکہ قیدی، جیل کا عملہ اور آنے جانے والے لوگ کورونا سے بچاؤ  کیلئے حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کو سنجیدہ لیں۔

 چیئرپرسن پی آر سی ایس سندھ شہناز حامد نے واضح کیا کہ قیدیوں کی نفسیاتی بھلائی  کیلئے  یہ ضروری ہے کہ وہ  اپنے اہلِ خانہ سے رابطے میں رہ سکیں۔انھوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ سپرنٹنڈنٹس بہت متحرک انداز میں قیدیوں  کیلئے فون کالز کی سہولت یقینی بنارہے ہیں تاکہ وہ اہلِ خانہ کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں۔