پاکستان نے کشمیری عوام کی حمایت کا عزم کر رکھا ہے ،پرویز رشید

215

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان نے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا عزم کر رکھا ہے اور ہمارا یہ یقین ہے کہ مسئلہ کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔

سینیٹر پرویز رشید نے منگل کو  کشمیری میڈیا کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی افواج کے وحشیانہ مظالم کو بربریت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی دہشت گرد کارروائیاں کشمیریوں کی آزادی کے منصفانہ نصب العین اور ان کے حق خود ارادیت کی آواز کو نہیں دبا سکتیں۔انہوں نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کے عزم کا بھی اظہار کیا جن پر بھارتی افواج مظالم ڈھا رہی ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی افواج کی جانب سے ہونے والے مظالم بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے معصوم بچوں، نوجوانوں اور خواتین پر چھروں سے فائرنگ کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں کشمیری میڈیا کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ حکومت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی بہبود اور تحفظ کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال میں لائے گی۔ وفد نے وزیر کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے مدد کیلئے کہا جس پر انہوں نے وفد کو مسائل کے جلد حل کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں میڈیا کی صنعت کی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گی۔