آسٹریلیا نے ٹی ٹوئینٹی کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

194

آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف تین وکٹوں پر 263 رنز بنا کر بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کر تے ہوئے میزبان سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 85 رنز سے شکست دے دی۔

پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر مہمان آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کینگروز نے گلین میکسویل کے 145 رنز کی بدولت ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ 263 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان دنیش چندیمل 58، چمارا کپوگیدرا 43 اور کشال مینڈس 22 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3 جب کہ جیمز فالکنر، موئسز ہینریکس اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا کیلئے پہلی بار اوپننگ کرنے والے گلین میکسویل نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے، انہوں نے 9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 65 گیندوں پر 145 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان ڈیوڈ وارنر 28،  عثمان خواجہ 36 اور ٹریوس ہیڈ 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے سینا نایکے، تھسارا پریرا اور سچتھ پتھیرانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر گلین میکسویل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے اس میچ میں میزبان ٹیم کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے جو کہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے جب کہ اس سے قبل سری  لنکا نے ہی ستمبر 2007 میں کینیا کے خلاف سب سے زیادہ 260 رنز بنائے تھے۔