دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا اعلان خوش آئند ہے،محمد جاوید قصوری

76

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا اعلان خوش آئند ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کالا باغ ڈیم اور دیگر پانی ذخیرہ کرنے والے پروجیکٹ شروع ہونے چاہییں۔ ہر سال کروڑوں معکب فٹ ایکٹر پانی سمندر کی نذر ہوجاتا ہے۔ اگر ذخائر تعمیر کیے ہوتے تو پاکستان معاشی لحاظ سے بہت مضبوط ہوچکا ہوتا۔ پانی کو ذخیرہ کر کے استعمال میں لانا ہوگا یہ درحقیقت پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔ جس پر بہت پہلے ہی خصوصی توجہ دینا چاہے تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزعوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرخیز زرعی ملک ہے۔ جس کی معیشت کا دارومدار 70 فیصد زراعت سے وابستہ ہے۔دیامر بھاشااور کالا باغ ڈیم بروقت تعمیر کیے ہوتے تو آج کروڑو ں ایکڑ رقبہ مزید زرخیز بن چکا ہوتا اور کاشت جاری ہوتی۔لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اورمزید لاکھوں افراد کو زروگار کے ساتھ ساتھ سستی بجلی بھی دستیاب ہو تی ۔ بد قسمتی سے سیاسی مفادات نے اس حوالے سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان معاشی لحاظ سے سنگین قسم کے مسائل کا شکار ہے۔ عوام حکومتی اقدامات سے بد حال ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت کو فروغ دے کر پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرسکتا ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ اس کے لیے حکمرانوں میں وژن کا فقدان ہے۔ جب تک حکمران اپنا قبلہ درست نہیں کریں گے ، اس وقت تک ملک و قوم ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکمرنوں کے تمام دعوے محض ڈنگ ٹپائو کے سوا کچھ نہیں۔حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت مسلسل لاک ڈائون اور مہنگائی کی شرح میں ہوشر با اضافے سے متوسط طبقہ بھی محتاجی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جبکہ غریب زندہ درگور ہوگیا ہے۔