لاک ڈائون ، غریب رکشا ڈرائیورو ں کے گھروں میں بھوک ناچ رہی ہے

112

لاہور (نمائندہ جسارت) عوامی رکشا یونین پاکستان کے چیئرمین مجید غوری نے کہاہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ٹیم کے اوپنر گورنر پنجاب چودھری سرور کے ذریعے غریب رکشا ڈرائیوروں کیلیے راشن دے کر ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان رکشا ڈرائیوروں کی خالی بات ہی نہیں کرتے ان کوتکلیف سے بچانے کیلیے عملی اقدامات بھی کر رہے ہیں۔غریب رکشا ڈرائیوروں کے گھروں میںبھوک ناچ رہی ہے کیونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے رکشا ڈرائیور مزدوری نہیں کر پا رہے ۔ ہمارا وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے مطالبہ ہے کہ چونکہ رکشا ایک پبلک ٹرانسپورٹ ہے اور لاکھوں لوگوںکارزق اس سے وابسطہ اسے بھی ایس او پیز کے تحت چلانے کی اجازت دی جائے۔تاکہ ہم لوگ مزدوری کر کے اپنے بچوںکا پیٹ پال سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں رکشا ڈرائیوروں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیاسی ، سماجی اور مذہبی رہنما پیر سید ناظم حسین شاہ ،حاجی رفاقت ، ذیشان اکمل ،عزیز عباسی ،عبدالرزاق اور کنگ سلمان ریلیف آرگنائزیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔مجید غوری کا کہنا تھا کہ ان تنگ دستی کے حالات میں گورنر پنجاب کے توسط سے ملنے والا راشن تازہ ہو ا کا جھونکا ہے۔غریب کے پیٹ میں جانے والا راشن دعائیں بن کر نکلے گا۔اس کے لیے ہم گورنر پنجاب اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے فلاحی امدادی ادارے کنگ سلمان ریلیف آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مجید غوری کا کہنا تھاکہ ہزاروں رکشا ڈرائیور ایسے بھی ہیں جن کو اب تک راشن نہیں مل سکا اس لیے میری وزیر اعظم عمران خان اور گورنر پنجاب سے اپیل ہے کہ ہمارے لیے مزید راشن کا انتظام کیا جا ئے تاکہ ان گھروںمیں بھی خوشیاںلوٹ آئیںجہاں کھانے کو کچھ نہیں۔مجید غوری نے گورنر پنجاب سے لاک ڈائون کے دنوں میں رکشا ڈرائیوروں کے ہونے والے چالانوں کے جرمانے معاف کرکے ان کے کاغذات واپس کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔