کوروناوائرس کے باعث مدارس،مساجد پر حکومتی پابندیاںغیرمنصفانہ ہیں

116

لاہور (نمائندہ جسارت) حکومت پر پاکستان کے تمام مسالک کو مساوی حقوق دینے کی آئینی ذمے داری عائدہے کسی ایک کو نوازنا حکومت کا قابل مذمت اقدام ہے۔ کوروناوائرس کے باعث مدارس، مساجد اورمزارات پر حکومتی پابندیوں کوغیرمنصفانہ ہیں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں یوم حضرت علیؓ،تقریبات نزول قرآن،محافل شبینہ،جمعۃ الوداع اورعید الفطر بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ حکومتی ایس او پیز میں وضو خانہ پر پابندی نہ تھی لیکن وہ بھی بند کروا دیے گئے، اہل سنت نے ان تمام پابندیوں کو ملکی حالات کے پیش نظر قبول کیا لیکن اب اہل سنت کو حب الوطنی کی سزا دیتے ہوئے گھڈے لائن لگایاجا رہا ہے اور حکومتی انتظامیہ کا رویہ مسلکی تعصب اور فرقہ واریت کو فروغ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے رہنمامحمد وسیم نقشبندی نے افطار پارٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد وسیم نقشبندی نے کہا کہ اگر حکومتی اداروں نے ہمارے علماء، آئمہ، مساجد کی انتظامیہ کو پریشان یا ہراساں کرنے کی کوشش کی تو ہم حکومت کے خلاف اپنے قائدین کے حکم پر تحریک چلائیں گے۔ اس موقع پر تحریک فدایان ختم نبوت کے رہنماحافظ ابرار حسین۔ محسن رضا۔ علی رضا قادری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔