سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کی جہادی خدمات تاریخ اسلام کا روشن باب ہیں

86

لاہور (نمائندہ جسارت) مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دامادِرسول ؐحضرت سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کی جہادی خدمات تاریخ اسلام کا روشن باب ہیں۔ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ شجاعت و بہادری کا پیکر تھے۔ مسلمان حضرت سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مشکلات اور مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ صبر و سخاوت اور شجاعت میں اپنی مثال آپ تھے۔ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ ’’عشرہ مبشرہ‘‘ جیسے خوش نصیب صحابہ کرامؓ میں بھی شامل ہیں جن کو حضور اکرم ﷺنے دنیا میں ہی جنت کی بشارت و خوشخبری دی۔ خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کے فضائل و مناقب اور کردار و کارناموں سے تاریخ اسلام کے اوراق روشن ہیں جس سے قیامت تک آنے والے لوگ رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ میدانِ جنگ میں تلوار کے دھنی اور مسجد میں زاہد ِ شب بیدار اورعزم و حوصلہ میں ضرب المثل تھے۔انہوں نے کہا کہ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ نے ہر معرکہ میں اپنی شجاعت و بہادری اور فداکاری کا لوہا منوایا ۔آپؓ کو بچپن میں قبولِ اسلام کی سعادت نصیب ہوئی اور بچوں میں سے سب سے پہلے آپؓ ہی دولت ِ ایمان سے سرفراز ہوئے۔ آپؓ کو ’’السابقون الاولون‘‘ میں بھی خاص مقام حاصل ہے۔سیدنا علی المرتضیٰ ؓ وہ خوش قسمت ترین انسان ہیں جن کو حضور اکرم ؐ نے جنگ خیبر کے موقعہ پر فتح کا جھنڈاعنایت فرمایا ۔ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ تین ماہ کم پانچ سال تک تخت ِخلافت پر متمکن رہنے کے بعد 21رمضان المبارک کو جامِ شہادت نوش فرما کر شہادت کے اعلیٰ درجہ پر فائز ہو گئے۔