نیویارک: اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حکومتوں، سول سوسائٹی اورصحت کے ذمہ داران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں نفسیاتی مسائل جنم لے رہے ہیں جس کے حل کیلئے فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
گزشتہ روز اپنے ویڈیو پیغام میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ اپنے پیاروں کے بچھڑنے کےغم، ملازمت جانے کے صدمے، نقل و حرکت پر پابندیوں، گھریلو مشکلات اور مستقبل کے حوالے سے خوف اور بے یقینی کی وجہ سے نفسیاتی مسائل اور امراض میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔
گوتریس نے کہا “ذہنی صحت کے شعبے کو عشروں تک نظرانداز کیے رکھنے اور اس میں کم تر سرمایہ کاری کے بعدآج کووِڈ 19 کی عالمی وبا خاندانوں اور معاشروں تک پر اضافی ذہنی دباؤ ڈال رہی ہے،”جس کا ازالہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے دنیا کی تمام حکومتوں پر زور دیا کہ کووِڈ 19 کا سامنا کرنے کیلئے سرکاری کوششوں میں دیگر پہلوؤں کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کی سہولیات کو بھی بنیادی ضروریات میں شامل رکھا جائے۔