فلور ملز کی عوام کش پالیسی سے مسائل میں اضافہ ہوگا، جاوید قصوری

87

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فلور ملز کی جانب آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلور ملز کی عوام کش پالیسی اور قیمتوںمیں ہو شر با اضافے سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا۔ 20کلو آٹے کی قیمت 805سے بڑھ کر 825روپے اور دس کلو آٹے کی قیمت 400سے بڑھ کر 420ہوگئی ہے۔ جبکہ عید الفطر کے بعد قیمتوںمیں مزید اضافے کی نوید بھی سنائی جارہی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومتی رٹ کہیں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک ہی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ناجائز منافع خوروں ذخیرہ اندوزوں نے رمضان المبارک کے تقدس کو بھی پامال کرکے رکھ دیا ہے۔ پوری دنیا میں رمضان المبارک کے مقد س مہینے میں حکومتیں اپنے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیتی ہیں اور کمپنیاں کم منافع پر سستی اشیائے ضروریہ لوگوں کو فراہم کرتی ہیں مگر بد قسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالے سے اقدامات سستی روی کا شکار ہیں۔ حکمرانوں کی ناتجربہ کاری اور بے حسی کے باعث مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ اگر حالات جوں کے توں رہے تو عوام میں پایا جانے والا اضطراب شدت اختیار کر جائے گا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ لاک ڈائون میں بتدریج نرمی سے لوگوں کو روزگار دستیاب ہوگا۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 23فیصد کمی جبکہ چھوٹی صنعتیں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں، عوام بد حال ہوچکے ہیں۔ فاقہ کشی سے تنگ آکر لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔