غریب اور مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے،جاوید قصوری

89

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ غریب اور مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ مسلسل ٹیکس لگانے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے اور بڑی مقدار میں قرض لینے کے باوجود نہ تومعیشت کاپہیہ رواں دواں ہوسکاہے اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی تبدیلی نظر آرہی ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے قرض لینے کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔اندرونی اور بیرونی قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں دیا،عوامی مسائل کم ہونے کے بجائے الٹا ان میں اضافہ ہوا ہے۔ افسوس ناک امر تویہ ہے کہ حکومتی وزرا مسلسل غلط بیانیاں کرکے قوم کے جذبات کومجروح کررہے ہیں۔ ایک طرف کورونا وباء اور مسلسل لاک ڈائون نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، لوگوں کے کاروبار تباہ و برباد ہو گئے ہیں تو دوسری طرف موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوتی نظرآرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں مگر حکمرانوں کی جانب سے غیر ذمے دارانہ طرزعمل اختیارکرنے اورجھوٹ بولنے کاسلسلہ ختم نہیں ہورہا۔حکمرانوں نے اگر اپنی بنیادی ذمے داریاں ادانہیں کرنی اور عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہیں کرنا تو انہیں برسراقتدار رہنے کاکوئی حق نہیں۔محمد جاو ید قصوری نے مزیدکہاکہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو سنجیدگی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔محض بیان بازی کرکے اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے ذریعے ملک وقوم کو درپیش مسائل حل نہیں ہوسکتے۔