مسلم لیگ ن نے این ایف سی کی تشکیل ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

339

اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے دسویں قومی مالیاتی کمیشن(این ایف سی) کی تشکیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر نے مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مشیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ کو شامل کرنے کیلئے گورنرز سے مشاورت ضروری ہے، آرٹیکل 160 میں درج طریقہ کار کے علاوہ ممبران کی تقرری نہیں کی جاسکتی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن میں کسی گورنر سے مشاورت کا حوالہ موجود نہیں اور مشیرخزانہ کو میٹنگ کی سربراہی کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے جب کہ  وزیر خزانہ کی غیر موجودگی میں این ایف سی کی کارروائی غیر آئینی اور غیر مؤثر ہوگی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں صدر مملکت کے سیکرٹری، سیکرٹری کابینہ اور سیکرٹری فنانس ڈویژن سمیت سیکرٹری قانون اور وزیراعظم کے مشیر عبد الحفیظ شیخ کو فریق بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے صدر مملکت عارف علوی نے 10 واں قومی مالیاتی کمیشن  تشکیل دیا ہے۔