خواجہ محمداسلام قرآن کے خادم ،دین کے داعی تھے،کاشف اقبال

111

لاہور (نمائندہ جسارت) خواجہ محمداسلام قرآن کے خادم ،دین کے داعی اور محب وطن پاکستانی تھے ۔ان کی ساری زندگی دین کی خدمت کرتے گزری ہے۔ خواجہ محمد اسلام کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی نہیں بھر سکے گا۔ ان کی موت ایک فرد کی نہیں عالم کی موت ہے ،ان کی کتاب موت کا منظر نے لاکھوں لوگوں کی زندگی بدل دی۔ امید ہے کہ موت کا منظر کتاب خواجہ محمد اسلام کی مغفرت اور بخشش کا ذریعہ ثابت ہوگی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انجمن ناشران قرآن پاک کے صدر کاشف اقبال نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد اسلام اپنی ذات میں ایک جماعت تھے ۔وہ سرمایہ شرافت تھے اور پاکستان کے لیے باعث فخر تھے ۔وہ خادم قرآن اور دین کے سچے داعی تھے ۔انہیں اللہ تعالیٰ نے بے پناہ عزت اور شہرت سے نوازا ان کی کتاب موت کامنظر دنیا بھر میں مقبول ہوئی اس کتاب کے دنیا کی کئی زبانوں میں ترجمے کیے گئے۔ اس کتاب نے لوگوں کی زندگیاں بدل دیں ۔موت کا منظر کا علاوہ بھی خواجہ محمد اسلام نے تیس سے زائد کتابیں لکھیں ۔ یہاں تک خواجہ محمد اسلام کی شہرت بیرون ممالک تک پھیل گئی ۔سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین شاہ فیصل بن عبدالعزیز نے ان خواجہ محمد اسلام کو شاہی مہمان کا درجہ دے کر سعودی عرب بلوایا اور حج کروایا ۔خواجہ محمد اسلام کو یہ مقبولیت اور شہرت دین کے ساتھ تعلق اور قرآن کی خدمت کی وجہ سے ملی ہے ۔خواجہ محمد اسلام کی زندگی میں ہمارے لیے یہ پیغام ہے کہ حقیقی عزت ، کامیابی اور شہرت قرآن مجید کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے اور دین کی خدمت میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج خواجہ محمد اسلام ہم میں موجود نہیں لیکن وہ اپنے پیچھے لاکھوں ایسے لوگ چھوڑ کرگئے ہیں جو ان کی کتابیں پڑھ کر راہ ہدایت پر آئے امید ہے کہ یہ عمل خواجہ محمد اسلام کے لیے صدقہ جاریہ اور ان کی بخشش کا ذریعہ ثابت ہوگا ۔