مولاناغلام محمد سیالوی شرافت ، صداقت کاپیکراور علم کا سمندر تھے

95

لاہور (نمائندہ جسارت)مولاناغلام محمد سیالوی شرافت ، صداقت کاپیکراور علم کا سمندر تھے ۔قرآن مجید کی طباعت اوردین کی اشاعت کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی ۔ان کی وفات سے پیداہونے والا خلا مدتوں پورانہیں ہوسکے گا ۔انجمن ناشران قرآن پاک ان کے ورثا کے غم میں شریک ہے اور دعاگوہے کہ اللہ مرحوم کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ۔ ان خیالات کااظہار انجمن ناشران قرآن پاک کے صدر کاشف اقبال ، وسیم آفتاب ملک ، محمد ابوبکر صدیق ، فاروق احمد ، خالد مقبول ، محمد احمد ، ناصر مقبول ،چودھری محمد سرور ، محمد اعجاز ، محمد سعید ،ملک شبیر حسین ، جمال الدین افغانی ، محمد نعیم اور دیگرعہدیداران نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ مولاناغلام محمد سیالوی نے بیت المال کے چئیرمین ،اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر اور پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے قابل قدرخدمات انجام دی ہیں ۔ وہ سچے مسلمان اوردین کے خادم تھے ۔ وہ جید عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ معتدل مزاج، خوش اخلا ق ، خوش گفتار اور صاحب کردارانسان بھی تھے ۔ وہ اپنے اچھے اخلاق ، دھیمے مزاج اورعمدہ کردار کی وجہ سے پاکستان کے تمام مکاتب فکر میں محبت اوراحترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ۔مولانا غلام محمد سیالوی کی وفات ایک فرد واحد کی نہیں بلکہ جہان کی وفات ہے ۔ ان کی وفات دینی حلقوں کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے ۔ مولانا غلام محمد سیالوی کی وفات سے پیداہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں ہوسکے گا اور وہ اپنے اچھے اخلاق کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔امید ہے کہ مرحوم کی دینی خدمات ان کے لیے صدقہ جاریہ ثابت ہوں گی ۔ دعا ہے کہ اللہ مرحوم کو جنت فردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور ورثا کوصبرجمیل کی توفیق عطافرمائے۔