اسٹیل مل کراچی سے 9500 ملازمین کو نکالنا قابل مذمت ہے ،شمس الرحمن سواتی

90

لاہور (نمائندہ جسارت) نیشنل لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے پاکستان اسٹیل مل کراچی کے 9500 ملازمین کونوکریوں سے نکالنے کے ای سی سی کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کو تباہ کرنے کے ذمہ دار حکمرانوں اور بیوروکریٹ کا احتساب کرنے کے بجائے کمزور لوگوں پر بجلی گرانا کہاں کا انصاف ہے۔ پبلک سیکٹر کے تمام اداروں کے ساتھ یہی سلوک روا رکھا جارہا ہے، یہ ادارے انتظامیہ کی کرپشن اور سیاسی مداخلت کی وجہ سے تباہ ہوئے ہیں، لیکن بجلی ہمیشہ کمزور مزدور طبقے پر گرتی ہے، ہزاروں لوگوں کو بے روزگار کردیا جاتا ہے، پاکستان اسٹیل اپنے محل و قوع اور قومی سلامتی کے حوالے سے بھی نہایت اہم اور حساس ادارہ ہے، اس کا مستقبل کیا ہوگا، اس کی نجکاری روکنے کے لیے عدالت عظمیٰ کے واضح احکامات موجود ہیں۔ شمس الرحمٰن سواتی نے پاکستان اسٹیل مل کے تمام اسٹک ہولڈرز سے کہا ہے کہ فوری طور پر مشاورت سے ایکشن کمیٹی تشکیل دیں تاکہ اس ادارے کو تباہ کرنے والوں کا احتساب ممکن بنایا جائے۔قومی سلامتی کا تحفظ کیا جائے اور ملازمین کو بے روزگاری سے بچایا جاسکے، پی ٹی آئی نے اپنے منشور میں پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کا وعدہ کیا تھا اور عمران خان نے خود وزیراعظم بننے سے قبل پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کا اعلان کیا تھامگر دوسرے بہت سے وعدوں کی طرح پی ٹی آئی اپنا یہ وعدہ بھی پورا نہیں کر سکی۔