بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے،جاوید قصوری

94

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ۔ غربت ، مہنگائی ،بے روزگاری،بددیانتی،کرپشن اورمعاشی عدم استحکام جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے۔مختلف ٹیکس لگاکر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے۔حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ اقدامات اور قرضوں کی دلدل نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ترقی کی ضامن ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایا۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ حالات کوسلجھانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیںاپنامثبت کردار اداکریں۔ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برسوں سے جاری کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچاہے۔مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے 73برس سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایاہواہے۔انہوں نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے ،مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست جس کا نمونہ ہے۔ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے،سرمایہ دار چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان کرپٹ افراد کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔