پیٹرولیم مصنوعات کی قلت حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،جاوید قصوری

116

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مصنوعی بحران پیدا کرکے معاشرتی زندگی کو مفلوج بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ حکومت اپنی رٹ قائم کرنے کے لیے فوری طور پر بحران کو ختم کروائے ۔ عوام کی مشکلات میں پہلے ہی کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کے دوران صنعتی صارفین کو یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے حوالے سے سہولت دینے کی پالیسی واضح نہ کرنے پر وفاقی حکومت کے اقدام پر اظہار افسوس ، اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں کے پاس عوامی فلاحی بہبود کے لیے کوئی سنجیدہ ایجنڈا نہیں ہے۔ سارا کام ہی محض زبانی کلامی اور اخباری بیانات تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران معاشی سرگرمیوں کو محدود کرکے عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لینا چاہتے ہیں۔ پوری دنیا میں لاک ڈائون ختم ہورہا ہے جبکہ پاکستان کے حکمران مسلسل عوام میں خوف و ہراس پھیلارہے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کٹس ختم ہوچکی ہیں۔ جبکہ حکومت عملی اقدامات کی بجائے ہوائی باتیں کررہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ تحریک انصاف کے دوسالہ کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ چہروں کے بدلنے سے نظام میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی بلکہ صرف کرپشن میں ملوث عناصر کی اپ گریڈیشن ہوئی ہے۔