پاکستان میں داخل ہونے والے 2 بھارتی جاسوس گرفتار

147

گلگت (اے پی پی) سیکورٹی فورسز نے پاکستان میں داخل ہونے والے 2جاسوس گرفتار کر لیے۔ پاکستان میں لائن آف کنٹرول سے چرواہوں کی شکل میں جاسوسی کی غرض سے داخل ہونے والے 2 بھارتی جاسوس نور محمد وانی اور فیروز احمد لون جن کا تعلق بھارت کے زیر کنٹرول مقبوضہ کشمیر سے ہے کو سیکورٹی فورس نے گرفتار کیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی گلگت راجا مرزا حسن نے جمعہ کے روز نیوز کانفرنس کے دوران دونوں گرفتار جاسوسوں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ گرفتار جاسوس نور محمد وانی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ہمیں ڈرا دھمکا کے جاسوسی کے لیے لائن آف کنٹرول سے پاکستان میں داخل کروایا۔ اس کام کے لیے بھارتی حکومت اور بھارتی فوج نے ایک لاکھ روپے بھی دیے تھے اور بتایا کہ باقی 10 لاکھ روپے مقبوضہ کشمیر میں گھر والوں کو دیے جائیں گے۔اپنے اعترافی بیان میں دونوں جاسوسوں نے کہا کہ ہم اس کام کے لیے تیار نہیں تھے مگر انہوں نے ہمیں اور ہمارے خاندان والوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور ڈرا کر جاسوسی کے لیے بھجوایا تھا اور یہ بھی بتایا کہ جب پاکستان آرمی گرفتار کر لے تو اپنے آپ کو مجاہدین ظاہر کرنا۔ گرفتار جاسوسوں کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان والوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں پاکستان کی حکومت اور اقوام متحدہ ہمارے خاندان کو بچائے اور ہم پر رحم کھائے۔ گرفتار جاسوسوں سے بھارتی کرنسی، اسٹوڈنٹ کارڈ موبائل فونز اور دیگر کچھ کاغذات برآمد ہوئے ہیں۔