کورونا :مزید 88جاں بحق‘6472 نئے کیسز رپورٹ‘50ہزار56صحت یاب

153

اسلام آباد/لاہور/ملتان/راولپنڈی/ایبٹ آباد (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کیسز میں ریکارڈ اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ34 ہزار667 ہوگئی‘24 گھنٹے میں کورونامزید88 زندگیاں نگل گیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 574 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب سے کورونا کے مزید 2705 کیسز اور 48 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 50087 اور اموات 938 ہوگئی ہیں۔ صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17560 ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 464 کیسز اور 6 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے‘ کیسز کی مجموعی تعداد 7163 ہوگئی ہے جب کہ 71 افراد انتقال بھی کر چکے ہیں جبکہ1671 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ آزاد کشمیر سے مزید 40 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔ کورونا کے کل کیسز کی تعداد 574 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 11 ہے جبکہ اب تک 242 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سندھ سے جمعے کو کورونا کے مزید 2428 کیسز اور 17 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔ کیسز کی مجموعی تعداد 49256 اور اموت 793 ہوگئی ہیں‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 1066 افراد صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 23113 ہوگئی ہے۔جمعے کو خیبر پختونخوا میں کورونا کے باعث مزید 10 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 642 ہوگئی۔ صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 628 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 16415 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 4072 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ جمعے کو بلوچستان میں کورونا کے مزید193 کیسز اور5 اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 7866 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2722 ہے۔ گلگت بلتستان سے جمعے کو کورونا کے 14 نئے کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کے بعد علاقے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1044 ہو گئی ہے۔ گلگت میں اب تک 676 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیںمسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اکمل مرزا کورونا کے باعث ہفتے کو راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ ہفتے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ان کی جمعرات سے طبیعت خراب تھی جس کی وجہ سے میں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا اور بد قسمتی سے وہ مثبت آیا ہے۔ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، ان کی بیٹی ڈاکٹر کرن اور داماد توصیف کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جبکہ گھر کے دیگر افراد کا کورونا ٹیسٹمنفی آیا ہے‘ کورونا وائرس سے متاثرہ تمام افراد کو غنی باغ میں علیحدہ علیحدہ قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی میں بھی کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے‘یوسف رضا گیلانی نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ سابق وزیراعظم کے بیٹے علی قاسم گیلانی نے والد کے کورونا میں مبتلا ہو نے کی ٹوئٹر پر تصدیق کی ہے۔ قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی دوسری اہلیہ تہمینہ درانی بھی کورونا کا شکار ہو گئیں ۔