کورونا وائرس سے متعلق رجوع الی اللہ مہم جاری رہے گی،سید عارف شیرازی

75

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ اس وقت ہمارا ملک اور پوری انسانیت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ادارے اور ان کا کام متاثر ہے۔لوگوں پر خوف کی کیفیت طاری ہے۔اگر یہ شر ہے تو اللہ تعالیٰ اس سے خیر نکالے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں پی پی 11 سے ضلعی مجلس شوریٰ کے ضمنی انتخاب میں منتخب ہونے پر حاجی یار محمد نے اپنی ذمہ داری کاحلف اُٹھا یا۔اجلاس میں مرحومین کے لیے مغفرت اور بیماروں کی صحتیابی کے لیے دُعا کی گئی۔اس موقع جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد نے کورونا ریلیف مہم کی رپورٹ پیش کی۔ سید عار ف شیرازی نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران ساری دینی اور سیاسی جماعتیں گھروں میں دبک کر بیٹھ گئی تھیں۔ایسے مشکل وقت میں جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے کارکنان اور رضا کاروں نے عوام کی خدمت کی ہے۔اس بے لوث خدمت پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت کے فیصلے اللہ رب العالمین کی طرف سے ہوتے ہیں۔ بلاشبہ کورونا نے بہت سے معاملات اور رویوں کو تبدیل کردیا ہے۔ہماری روزمرہ زندگی پر کورونا کے مزید اثرات آگے جا کر ظاہر ہوتے رہیں گے۔ سید عارف شیرازی نے جماعت اسلامی کے تمام ذمے داران اور ارکان و کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ تنظیمی اور دعوتی و تربیتی امور کی طرف پھر سے متوجہ ہو جائیں۔تاہم کورونا وائرس سے متعلق ہماری رجوع الی اللہ مہم بھی جاری رہے گی۔