بجٹ عوام کیلیے نہیں صرف سرمایہ داروں کا ہے ،جاویدقصوری

90

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی کے بعد صوبائی بجٹ بھی انتہائی مایوس کن ہے ، یہ محض الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے ، قوم تحریک انصاف کی حکومت کی اصلیت جان چکے ہیں ۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے شدید مایوس کیا ہے ۔موجود ہ حکومت نے ملک کا معاشی ڈھانچہ تباہ کر کے رکھ دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی بجٹ تقریر پر اپنے ردعمل میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا کاروبار ختم ہو چکا ہے ، حکومت کو چاہیے تھا کہ عوام کے لیے وفاقی اور صوبائی بجٹ میں بڑا ریلیف دیتے ، سرکاری ملازموں کی تنخواہوں میں کم از کم پندرہ فیصد اضافہ کیا جائے ۔ بجٹ پر فوری طور پر نظر ثانی کی جائے ، یہ عوام کا بجٹ نہیں ہے یہ سرمایہ داروں کا بجٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والا ہر طبقہ پریشان ہے ۔ حکمرانوںنے لوگوں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات لے کر سڑکوں پر آئیں ۔مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ بے روزگاری نے عوام کو خودکشی کی نہج پر پہنچا دیا ہے ۔ امیر آدمی امیر تر اور غریب آدمی غریب تر ہوتا چلا جا رہا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بجٹ میں تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں کے حوالے سے کوئی ٹھوس حکمت عملی وضع نہیں کی گئی۔آئی ایم ایف کے آقاوں کو خوش کر نے کے لیے یہ بجٹ بنایا گیا ہے ۔اس سے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں مل سکتا۔ اس بجٹ سے عوام کی مشکلا ت میں مزید اضافہ ہو جائے گا ۔