عوام کو جاہل کہنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں،جاوید قصوری

102

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے باعث پنجاب بھر میں 60 لاکھ افراد بے روزگار اور 5 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوچکا ہے۔ غربت کی شرح 24.3 سے بڑھ کر 58.6 فیصد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ تحریک انصاف کی تبدیلی کا کھوکھلا نعرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، عوام کو جاہل کہنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پھیلانے کی ذمے دار خود حکومت ہے۔ بروقت اقدامات نہ کرکے مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ حکمران اپنی نا کامیوں کا سارا ملبہ عوام پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ کورونا سے بچنا ممکن ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت متعین ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ وفاقی حکومت کے مجموعی قرضے 343 کھرب 14 ارب کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ ایک سال میں قرض کے بوجھ میں 6 ہزار 235 ارب روپ کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ حکومت نے اوسطاً ہر ماہ 520 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں حاصل کیا جانے والا قرضہ کہاں خرچ ہورہا ہے۔؟ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کورونا مریضوں کو پرائیویٹ اسپتال دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ پلازمہ کے نام پر خرید و فروخت کی جارہی ہے جبکہ حکومت اس پر گرفت کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹر ز کے بعد آکسیجن سلنڈر کی قلت سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔