قوم کو نان ایشوز کی طرف دھکیل کر حخومت اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، سراج الحق

262

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق  کاکہنا ہے کہ حکومت قوم کو نان ایشوز کی طرف دھکیل کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹرمنصورہ کے سامنے الخدمت دسترخوان کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کو دورہ کراچی کے موقع پر سندھ حکومت کے آفیشلز اور تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرنی چاہئے تھی تاکہ وفاق اور سندھ میں بڑھتے فاصلوں کو کم کیا جاسکتا تھا۔

انہوں نےکہا کہ لوگ کورونا اور معاشی مسائل سے نجات چاہتے ہیں مگر حکومت قوم کو نان ایشوز کی طرف دھکیل کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے،آٹے کی قیمت اور پٹرول کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی کا پہیہ جام کردیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام تبدیلی حکومت میں بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ کورونا سے نجات کیلئے قوم جمعہ کو یوم دعا اور یوم توبہ و استغفار کے طور پر منائے ،

امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ چاہئے تو یہ تھا کہ حکومت ناراض بلوچوں کو راضی کرتی مگر اس نااہل حکومت نے جو راضی تھے ان کو بھی ناراض کردیا ہے،اختر مینگل اور بلوچستان کی منتخب قیادت قومی اسمبلی میں رو رہی ہے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اٹھایا اور غائب کیا جارہا ہے،ترقیاتی فنڈز سے صوبے کو محروم رکھا جارہا ہے،بلوچستان معدنیات سے مالامال صوبہ ہے،بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی ہے اس صوبہ کی بڑی اہمیت ہے،لیکن اس صوبہ کے منتخب نمائندے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم پر سراپا احتجاج ہیں،حکومت ایشوز کو حل کرنے کی بجائے بلاوجہ نان ایشوز اٹھا رہی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی گاڑی پنکچر ہوچکی ہے اسی لئے حکومت کہیں نظر نہیں آتی،قوم کسی معجزے کے انتظار میں نہ ر ہے،معجزے اس وقت ہوتے ہیں جب قومیں اپنے حالات بدلنے کیلئے خود اٹھ کھڑی ہوتی ہیں،یہ حکومت اور کچھ نہیں بس حکومت کررہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں حکومت دوسالوں میں کوئی ایک ہسپتال یا تعلیمی ادارہ نہیں بنا سکی،بے روز گاروں کی فوج ظفر موج ہے،لوگوں کو دو وقت کے کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں اور اسی فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا کام جو حکومت کو کرنا چاہئے تھا وہ جماعت اسلامی اور الخدمت کررہی ہے،الخدمت دستر خوان کا یہ سلسلہ پورے ملک میں پھیلایا جائے گا تاکہ غریب اور نادار لوگوں کو سستا کھانا میسر آسکے،یہ کسی ایک تنظیم یا جماعت کا کام نہیں، معاشرے کا اجتماعی فریضہ ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے وعدے اور دعوے سب دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور پی پی پی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کااعلان کیا لیکن آج تک کوئی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی۔

انہوں نےکہا کہ حکومت اپنا کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کرسکی،اب اس حکومت پر لوگوں کا اعتماد ختم ہوچکا ہے،یہ حکومت تاریخ کی نااہل ترین حکومت ثابت ہوئی ہے ۔