حکومت بحرانوں سے نہیں نمٹ سکتی، لیاقت بلوچ

383

لاہور:   نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ اقتصادی بحران خوفناک ہے ، تنہا حکومت بحرانوں سے نہیں نمٹ سکتی ۔

لیاقت بلوچ نے جماعت کے سیاسی اور انتخابی امور کے مرکزی و صوبائی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معاملات اور ریاستی امور پر وزیراعظم عمران خان کا غرور اور لاابالی طرز حکمرانی پر تباہی لارہاہے، ان رویوں کے ساتھ سیاست ، جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس دوہی آپشن ہیں ، سیاسی و اقتصادی بحرانوں سے نجات اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحانہ اقدامات کے سدباب کے لیے قومی قیادت کے ساتھ مل کر قومی متفقہ قومی ایکشن پلان بنایا جائے، اگر یہ راستہ اختیار نہیں کیا جاتا تو حکومت احتساب اور کورونا سے نمٹنے کی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے استعفیٰ دے ۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ  ملک میں نئے عوامی مینڈیٹ کے لیے قبل از وقت انتخابات کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا ،سیاسی پارلیمانی اور اقتصادی بحران شدت اختیار کر گیاہے ، وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کی منزل تک پہنچا دیا گیا اب انہیں کسی بھی سیاسی ، اقتصادی ، سماجی ، تہذیبی محاذ کی فکر نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حکومتی شیرازہ بکھر رہاہے ، بی این پی کے رہنما سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی میں ہی حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کردیاہے ، حکومت کی دیگر اتحادی پارٹیاں پہلے ہی نالاں ہیں، حکومت بہت ہی کمزور وکٹ پر ہے اور اس کی ملکی معاملات پر کوئی رٹ نہیں ۔