یونیورسٹیوں میںقرآن مجید بطور نصاب پڑھانے کا خیرمقدم کرتے ہیں

96

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں قرآن مجید بطور نصاب پڑھانے کے لیے ایس او پیز جاری کرنے اور قرآن مجید کا ترجمہ پڑھے بغیر ڈگری جاری نہ کرنے کے نوٹیفکیشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید کا نصاب پڑھنے کے بعد امتحان پاس کرنے کی شرط عائد کردی گئی ہے۔قرآن مجید کا نصاب اسلامیات کے مضمون کے علاوہ پڑھایا جائے گا اور قرآن مجید کا نصاب یونیورسٹیوں میں بطور لازمی مضمون پڑھایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ قرآن مجید معہ ترجمہ پڑھنے سے نوجوانوں میں اسلامی شعور اجاگر ہوگا اور وہ معاشرے کے ایک مفید شہری بنیں گے اور انہیں گمراہی سے بچایا جاسکے گا۔ قرآن مجید ہمارے لیے اصل رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ قرآنِ پاک مکمل ضابطہ حیات ہے جو دنیا کی رہنمائی کیلیے ہمارے نبی حضرت محمدﷺ پر نازل ہوا۔قرآن مجید ہمارے لیے اصل رہنمائی کاذریعہ ہے،قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیراہوکر ہی دنیااور آخرت سنواری جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی اداروں میں غیر ملکی این جی اوز کی بہت زیادہ انویسٹمنٹ ہے، ایک منظم سازش کے تحت نوجوانوں کے اذہان سے اسلامی اقدار کو ختم کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو سیکولر ازم کی طرف مائل کرنے کیلیے بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، ایسی گھمبیر صورتحال میں جامعات میں تعلیمات قرآن کی ترویج کیلیے عملی اقدامات ملک عزیز پاکستان کے دیگر صوبوں کیلیے قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان دور حاضر میں تعلیمات قرآن پر عمل پیرا ہوکر ہی مسائل سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔