حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، سینیٹر سراج الحق

357

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کے پے درپے بحرانوں نے مہنگائی اور بے روز گاری کے مارے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد کے مختلف محکموں کی تنظیموں کی فیڈریشن فار فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

     سینیٹر سراج الحق نے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ملازمین کے مسائل کو ہر جگہ اٹھائے گی۔ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت میں بحرانوں کی فہرست لمبی ہوگئی ہے نجانے کب ختم ہوگی،ادویات ،آٹا چینی اور پٹرول کے بعد اب ایل پی جی کا بحران سراٹھا رہا ہے، پٹرول کی عدم دستیابی پر حکومت اپنی پوزیشن ابھی تک واضح نہیں کرسکی۔

سینیٹر سراج الحق  کا مزید کہنا تھا کہ کورونا مسلسل پھیل رہا ہے ،اسپتالوں میں جگہ نہ ملنے سے خود کوگھروں میں آئسو لیٹ کرنے والے مریض مررہے ہیں لیکن حکومت ان کی زندگیاں بچانے کیلئے کچھ نہیں کررہی ۔

 تنخواہیں نہ بڑھا کر حکومت نے سرکاری ملازمین کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے، حکومت فوری طور پر ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم دس فیصد اضافہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بجٹ میں ملازمین کو یکسر نظر انداز کر کے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کر نے پر ملازمین میں غم و غصہ و پریشانی ایک فطری عمل ہے، سابقہ حکومتوں کے ادوار میں مختلف محکموں کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی گئی، لیکن بہت سے محکموں کے میرٹ پر آنے والے ملازمین کو نظر انداز کیا گیا ۔

          سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے بے روزگاری کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا، مگر لاکھوں لوگوں سے روز گار چھین لیا گیا ہے ،اسٹیل ملز سمیت مختلف محکموں کی نجکاری کرنا ظلم ہے، ان اداروں کو بحال کرنے کی بجائے حکومت انہیں اونے پونے بیچ کر لاکھوں ملازمین کے مستقبل کو تاریک کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔