شوگر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج

462

وزارت داخلہ نے سندھ ہائیکورٹ کا شوگر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے،وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے حکومت کا مؤقف سنے بغیر ہی شوگرملز ایسوسی ایشن کو ریلیف دیا اور ان کے حکم نامے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے۔

وزارت داخلہ نے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی کہ شوگرکمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف سندھ کی 20 شوگرملز نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے حکم دیا تھا کہ آئندہ سماعت تک کوئی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا اور فریقین سے 30 جون کو جواب طلب کیا ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اس سے قبل انکوائری رپورٹ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق حکم امتناع خارج کرتے ہوئے وفاقی اداروں کو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔