ترکی ، کرد باغیوں کی حمایت کاالزام ،24 میئر برطرف 

247

ترکی نے کرد باغیوں کی حمایت کے الزام میں ملک کے جنوب مشرقی صوبے کے 24 میئرز کو عہدوں سے برطرف کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے صوبے دیار بکر کے گورنر ہاس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرد باغیوں کی حمایت کے الزام میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے 24 میئرز کو عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے ان علاقوں میں میونسپل ایڈمنسٹریٹرز تعینات کر دیئے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی ترکی میں کالعدم قرار دی گئی کردستان ورکرز پارٹی(پی کے کے)کی ذیلی شاخ ہے اور سرکاری اداروں سے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا صفایا کرنا ملک سے پی کے کے کا خاتمہ کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ ترکی میں جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے امریکا میں مقیم باغی رہنما فتح اللہ گولن سے تعلق کے الزام میں بھی اب تک ہزاروں افراد کو برطرف کیا جا چکا ہے۔