ملازمین کی تنخواہوں کا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہوچکا ہے،اشرف چودھری

126

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ ق پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد ا شرف چودھری سینئر نائب صدر المجاہد یونین پاک پی ڈبلیو ڈی، سی بی اے پنجاب نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں کے شائع شدہ رپورٹس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں10فیصد سے زائداضافہ ہوا ہے اس لیے مزدوروں اور ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی شرح سے اضافہ کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے والوں کے دور میں چاروں صوبوں میںملازمین کی ڈیوٹی اوقات ایک طرح ہونے کے باوجود مختلف تنخواہیں تشویشناک ہیں صوبہ سندھ کے ملازمین کی تنخواہیں 15فیصد زائد، صوبہ سرحد میں مورخہ14جون2020ء کو جاری ہونے والے لیٹر کے مطابق اسپیشل / سیکرٹریٹ الائونس 30فیصد سے بڑھا کر50فیصد جبکہ پلاننگ الائونس میں150فیصد اضافہ ، صوبہ پنجاب میں سیکرٹریٹ ملازمین ،پنجاب اسمبلی ،گورنر ہائوس وزیر اعلیٰ ہائوس کی تنخواہ میں 50فیصد سیکرٹریٹ الائونس کے علاوہ 6ہزار سے لیکر 14000 روپے یوٹیلیٹی الائونس ،عدلیہ ایف آئی اے، نیب کے ملازمین کی مختلف تنخواہیں ،پنجاب میں سول سیکرٹریٹ افسران کو ایگزیکٹو الائونس کے نام پر لاکھوں روپے کی ادائیگیاں اور اس کے بعد باقی تمام سرکاری ملازمین کو کم ترین تنخواہیں ریاست مدینہ کے دعووں کی نفی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مزدور یونین کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد اشرف چودھری نے کہا کہ موجود حکومت کے دور میں ملازمین کی تنخواہوں کا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہوچکا ہے تمام ملازمین کی تنخواہیں یکساں کی جائیں ۔انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی میں مزید ہوشربا اضافہ ہوگا ،ملازمین کو ریلیف دیا جائے ۔