جسم میں نمکیات کی کمی، ذہن و جسم کی معذوری کا سبب

466

انسان کی بہترین صحت کیلئے جہاں دوسری غذائی اشیاء جیسے وٹامنز اور منرلز ضروری ہیں اسی طرح آیوڈین یعنی نمک کی بھی ایک مخصوص مقدار انسانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ اگر اس کی مقدار انسانی جسم میں مخصوص سطح سے نیچے آجائے تو کئی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق پاکستان میں 5 کروڑ افراد آیوڈین کی کمی کا شکار ہیں۔ 5 سال سے کم عمر بچوں میں یہ شرح 57 فیصد ہے۔

آیوڈین ہمارے جسم اور ذہنی نشونما میں مدد دیتا ہے۔ اگر کسی فرد میں آیوڈین کی کمی ہوجائے تو وہ ذہنی و جسمانی طور پر معذور ہوسکتا ہے۔ خواتین بھی اگر آیوڈین کی کمی کا شکار ہیں تو ان کا پیدا ہونے والا بچہ بھی ذہنی و جسمانی طور پر معذور ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں روزانہ آدھا چائے کا چمچ نمک ملا کھانا کھانا چاہئیے تاکہ جسم میں آیوڈین کی کمی نہ ہونے پائے۔ آیوڈین کی یہ کمی مچھلی، دودھ اور مرغی سے بھی پوری کی جاسکتی ہے تاہم بلڈ پریشر کے مریض مخصوص آیوڈین کی مقدار اپنے معالج کی ہدایت کے بغیر نہ لیں۔