پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، بلاول بھٹو

500

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم رہنا ہر پاکستانی کی زندگی کیلئے خطرہ بن چکا ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے

کراچی میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور آج بھی ان کی تقریریں کو پاکستان اور کشمیر کے عوام یاد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن ہو یا حکومت، میں وہ واحد سیاستدان ہوں جس نے شروع دن سے مودی کی مخالفت کی ہے، پیپلز پارٹی پہلے دن سے مودی کی مخالفت کررہی ہے اور آگے جاکر بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کشمیریوں کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیا ہے اور یہ بھی ریکارڈ کا جصہ ہے،جو بھی حکومت ہو آمر، جمہوری، سیلیکٹو یا کٹھ پتلی یا منتخب جب بھی کشمیر کا مسئلہ آتا تھا تو ہم سب اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ نالائق وزیراعظم کشمیر کاز پر بھی اتحاد قائم کرنے میں ناکام ہوئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ یہ وہ وزیراعظم ہیں جس نے مودی کی الیکشن مہم کے دوران اس کی حمایت کی تھی اور کہا تھا کہ مودی جیتے گا تو کشمیر کاز حل ہوجائے گا اور یہ جیسے حل ہورہا ہے پورے پاکستان کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور اب ہماری معیشت اور جمہوریت کو جو نقصان پہنچا رہے ہیں وہ اب اس نکتے پر پہنچ چکا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم رہنا نہ صرف ہمارے جمہوریت، معیشت بلکہ ہر پاکستانیوں کی زندگی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جب دنیا میں عالمی وبا کی وجہ سے کساد بازاری کا خطرہ ہے تو بجٹ پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے تھے کہ ان مزدوروں اور محنت کشوں کو ریلیف دیں جن کا ذکر عمران خان کرتے رہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹڈی دل کی وجہ سے جس طرح ہر کسان کی فصل اب خطرے میں ہے تو ان کے لیے بھی اس بجٹ میں کوئی خاص سپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے عوامی بجٹ پیش کیا ہے اور کم وسائل، ناانصافی ہونے کے باوجود وفاقی حکومت کی نالائقی کے باعث ٹیکس شارٹ فال کی وجہ سے صوبے کو 229 ارب روپے کم مل رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منفی شرح نمو ہے اور بیروزگار افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے جو مزید ہوگا، وفاقی حکومت کو پی ایس ڈی پی کو روک کر پاکستان کے عوام کی صحت اور زندگی کو بچانے میں خرچ کرتے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جو لوگ ہم پر گورننس کا الزام لگاتے تھے آج موازنہ کرلیں، سندھ میں کورونا کی ٹیسٹنگ صلاحیت تمام صوبوں سے زیادہ ہے،صرف سندھ کی حکومت کورونا وائرس کے متاثرین کو ڈھونڈ کر ان کے علاج کی کوشش کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کسی کو بھی بیوقوف بنارہے بلکہ وہ وزیراعظم اور ان کے وزرا اپنا مذاق بنوارہے ہیں جب وہ کہتے ہیں کہ گراف نیچے جارہا ہے جب ٹیسٹنگ نہیں کریں گے تو گراف خود بخود نیچے جائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 270 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، مشرف کا پہلا این آر او عمران خان کیلئےتھا،عمران خان نے ماضی کی ہر ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا،عمران خان خود کرپشن کے ریکارڈز توڑ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر ہم ایسے کام کرتے تو ہمارا جینا حرام کردیتے،علیمہ خان کو آپ بھول گئے،سلائی مشین سےنیویارک میں عمارتیں کھڑی ہورہی ہیں،علیم خان کی منی ٹریل کہا ں ہے؟۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پولیو میں کرپشن، حج میں کرپشن،پی آئی اے میں کرپشن کہ پی آئی اے کو بٹھا دیاہے،پورا پنجاب جادو اور کرپشن پر چل رہا ہے، خیبرپختونخوامیں کرپشن کے رکارڈ ٹوٹ گئے، بلین ٹری سونامی میں کرپشن، مالم جبہ میں کرپشن، فارن فنڈنگ کیس میں کرپشن، بی آر ٹی منصوبہ کرپشن کاسفید ہاتھی ہے، پی ٹی آئی جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہے، اس میں کرپشن کرتی ہے،لیکن نیب، میڈیا اور الیکشن کمیشن چپ ہے، نیب اور وفاقی ادارے کرپشن کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کررہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت کے ہر وزیرپر الزام ہے اور نیب خاموش ہے، شوگر، آٹے پر کرپشن، ہر پاکستانی کیگھر ڈاکا سب خاموش ہیں، پوسٹ آفس اور ریلوے میں کتنی کرپشن ہورہی ہے،انہوں نےکرپشن کےریکارڈ توڑ دیے ہیں لیکن میڈیا خاموش ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ علی زیدی خود عمران خان کے لیے کرپشن کرتے ہیں، ہم سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بی آر ٹی سے حکم امتناع ہٹائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی رپورٹ ہے، پی ٹی آئی کے ابراج گروپ اور کے الیکٹرک کی کرپشن کو دبایا گیا ہے، اس رپورٹ کو پڑھنا ہے کہ کس طرح ابراج گروپ اور کے الیکٹرک اور پاکستان تحریک انصاف کے مک مکا کی وجہ سے وہ کراچی کے عوام کا خون چوس رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کراچی کے عوام کو عذاب میں ڈالا ہوا ہے، لاک ڈاؤن سے لے کر اب تک کراچی میں بل زیادہ آتا ہے اور بجلی آتی نہیں ہے، عوام کس چیز کا بل دے رہے ہیں کہ کراچی میں بجلی آتی نہیں اور بنی گالا سے بجلی جاتی نہیں۔