کشمیر کیلیے بیانات نہیں عملی اقدامات کرنا ہوںگے، کاشف اقبال

100

لاہور (نمائندہ جسارت) حکومت مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے، مقبوضہ کشمیر بیانات نہیں عملی اقدامات سے آزادہوگا، 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیری آج بھی سبزہلالی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان کے نام پر سینوں پرگولیاں کھارہے ہیں، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے جموں کشمیرکو پاکستان کہ شہ رگ کہا تھا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن ناشران قرآن پاک کے صدر کاشف اقبال نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کو اذان کی تکمیل کیلیے 21 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کرکے اسلام کی تاریخ میں شجاعت اور بہادری کی ایک نئی داستان رقم کی تھی۔ یہ داستان اس بات کاثبوت ہے کہ کشمیری قوم اسلام کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینا جانتی ہے اور قربانیوں کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرکے مسلمان تو اپنا حق ادا کر رہے ہیں سوال یہ ہے کہ ہمارے حکمران اپنا حق کب ادا کریں گے۔ ہمیں بھی دنیا کو بتانا ہوگا کہ ہمارا اہل کشمیرکے ساتھ دین اور ایمان کا رشتہ ہے اس رشتے کے تقدس کا تقاضا ہے کہ ہمارے حکمران مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔