جو قومیں مشکل فیصلے سے کرنے سے کتراتی ہیں،وہ ترقی نہیں کر سکتیں، وزیراعظم

173

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مشکل فیصلے کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں،جو قومیں مشکل فیصلے سے کرنے سے کتراتی ہیں،وہ ترقی نہیں کر سکتیں،ماضی میں غلط فیصلوں سے ملک کی صنعتی ترقی کو نقصان پہنچا ۔

تفصیلات کے مطابق چلاس میں وزیراعظم عمران خان نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین واپڈا نے جنون کی حد تک کام کیا، فیصل واوڈا اور علی امین گنڈا پور کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم تیسرا بڑا ڈیم  ہے،پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی بھرپور سہولیات موجود ہیں لیکن غلط فیصلوں سے ملک کی صنعتی ترقی کو نقصان پہنچا، دریاؤں سے بجلی بنانے کے بجائے تیل پر بجلی بنانے کو ترجیح دی، مہنگی بجلی کی وجہ سے صنعتوں پر اثر پڑا جب کہ ہمیں  خدشہ ہے مستقبل میں سیلاب جیسے صورتحال کا سامنا نہ ہو۔

ہماری بدقسمتی رہی کہ ہم نے قلیل مدتی فیصلے کئے،الیکشن میں ووٹ کے مدنظررکھ کر پراجیکٹس بنائے، چین نے 30سال کی منصوبہ بندی کررکھی ہے آج سب سے آگے نکل گیا اور 90کی دہائی میں امپورٹڈ فیول پر بجلی بنانے کے فیصلے کئے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ باہر سے تیل امپورٹ کرکے بجلی بنانے سے دباؤ ہماری کرنسی پرپڑا،اور خسارہ بڑھتا رہا،ہماری حکومت آئی تو 20 ارب ڈالر کاتاریخی خسارہ تھا، باہر سے چیزیں امپورٹ کرنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، مہنگائی سے غریب آدمی پر اثر پڑتا ہے اور غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دیامر بھاشا ڈیم بنانے جارہے ہیں،ڈیم مکمل ہوگا تجارت کے مواقع بھی بڑھیں گے چین نے 5ہزار بڑے ڈیم بنا رکھے ہیں جبکہ ہمارے پاس صرف دو ڈیم ہیں تیسرا بننے جارہاہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بڑے ڈیم نہ بنا کر ہم نے اپنے لوگوں پر ظلم کیا ، دیامر بھاشاڈیم بنانے کا فیصلہ 40سال پہلے ہوا تھا، پاکستان میں پن بجلی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، وقفے کے بعد نیا ڈیم بنائیں گے، ہم نے مزید ڈیمز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پانی پر بجلی بنانے سے قدرتی ماحول پر اثر نہیں ہوتا، فرنس آئل اور کوئلے سے بجلی بنانے سے گرمی بڑھتی ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان متاثر ہوسکتا ہے، جس کے باعث ملک میں 10ارب درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کورونا کی وجہ سے ہونیوالےشٹ ڈاؤن سے بہت نقصان ہوا ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایس اوپیز کیساتھ سیاحت کھولنے کی تیاری کریں، ایس اوپیز کیساتھ آہستہ آہستہ سیاحت کھول سکتے ہیں ، سیاحت کھولنے کیلئے این سی اوسی کے ذریعے اقدامات کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کو دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم باجوہ بھی موجود تھے۔