حکمران قیام پاکستان کے مقاصد سے نا آشانہ نظر آتے ہیں، وسیم نقشبندی

181

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان کلمہ طیبہ اور دوقومی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ دو قومی نظریہ ہی پاکستان کے قیام کی بنیادی وجہ تھی۔ حکمران قیام پاکستان کے مقاصد سے نا آشانہ نظر آتے ہیں۔تحریک قیام پاکستان میں لاکھوں شہداء کی قربانیاں مندر بنانے کے لئے نہیں دی گئیں تھیں۔حکمران غیر ملکی آقاوں کا ایجنڈا پاکستان میں نافذ کرنے لئے متحرک ہیں ان خیالات کا اظہارپاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام اسلام آباد میں مندر کی تعمیر اور پلات کی الاٹمنٹ کے خلاف احتجاجی میں محمد وسیم نقشبندی، مفتی شہباز علی سیال، علامہ میاں خلیل جامی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنی تحریک کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مندر کی تعمیر کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ مندر کی تعمیر کے حق احتجاج کرنے والے میں چند عناصر پاکستان و اسلام کے مخالف کے قوتوں کے آلہ کار نظر آتے ہیں۔ اسلامی ریاست میں سرکاری زمین و پیسے سے مندر تعمیر کرنا حکومت کو مہنگا پڑے گا۔ اگر حکومت نے مندر کی جگہ کی الاٹمنٹ کو منسوخ نہ کیا تو قائدین کے حکم پر داتا دربار سے اسلام آباد تک مارچ کیا جائے گا اور بیرونی ایجنڈے پر گامزن ممبران اسمبلی کے گھروں کا گھیرائو بھی کیا جائے گا۔ اسلام کی 14 سو سالہ تاریخ میں کسی مسلم حکمران نے مندر کی تعمیر نہیں کی۔ موجودہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران محض بیرونی ایجنڈے پر گامزن ہیں۔ پاکستان میں مندر بنانے کے حمایتی ممبران آئندہ عوامی ووٹ ملنے کی امید نہ رکھیں۔ مسلم اسٹیٹ میں مندر کی تعمیر کو عوام کسی صورت تسلم نہیں کرتے۔پاکستان میں مندر کی تعمیر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔مندر کے حمایتی ممبران اسمبلی کو ووٹ اسلام و پاکستان کے حامیوں نے دیے لیکن افسوس کے یہ لوگ یہود و نصاری کی غلامی و خوشنودی کو اپنا فخر سمجھتے ہیں۔پاکستان اسلام کے نام پر بنا اس میں اسلام کا قانون ہی ہونا چاہیے۔ حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو بہت غلط نتائج مرتب ہوں گے۔