وزیراعلیٰ پختونخوا نے شاہراہوں کی تعمیر کے 3منصوبو ںکا افتتاح کردیا

166

مانسہرہ (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مانسہر ہ کی حسین وادی شوگران میں سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے3 منصوبوں کا افتتاح کردیا۔ ان سڑکوں میں شوگران، گھنول پاپرنگ اور مانور ویلی روڈ شامل ہیں۔ اس موقع پرافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی کے اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبے میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، ہزارہ ڈویژن کی تقدیر بدل دیں گے ۔ کائٹ پروجیکٹس کے تحت سیاحتی مقامات کے لیے370 کلومیٹر روڈ انفرااسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے، نئے بجٹ میں ہزارہ کے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیرکے لیے2400 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت وادی ماہ نور روڈ کی کل پیمائش15 کلو میٹر، وادی پاپرنگ روڈ کی کل پیمائش9 کلو میٹر اور وادی شوگران روڈ کی کل پیمائش11 کلو میٹر ہے، ان سڑکوں کی مجموعی لمبائی35 کلو میٹر ہے ۔ ان اقدامات سے صوبے کی سیاحتی صنعت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع ملنے سمیت چھوٹے پیمانے پر کاروبارکرنے میں بھی مدد ملے گی۔