بلوچستان میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ صبح 9 سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت

263

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن  کے تحت پابندیوں میں مزید نرمی کردی ہے، اس حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان نے نو ٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق شاپنگ سینٹرز اور دکانیں ہفتے میں 6 دن کھلی رہیں گی جب کہ گودام، آٹوریپئرشاپس دیگر دکانیں بھی صبح 9 تا رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی۔

محکمہ داخلہ نے بتایا کہ تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹور، بلڈ بینک اورٹیلرشاپس پر پابندی نہیں۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو صرف ہوم ڈیلیوری و ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، کسی بھی دکان میں ایک وقت میں 4 سے زائد افراد نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا سے اب تک 11405 متاثر اور 131 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم  اب تک کورونا سے 8313 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔