گراہم ہک آسٹریلوی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

222

انگلینڈ کے سابق بیٹسمین گراہم ہک آسٹریلوی ٹیم کے بیٹنگ کوچ بن گئے ہیں۔

 غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق انگلشن بلے باز گراہم ہک اب آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو بلے بازی کے گرسکھائیں گے۔ گراہم ہک آسٹریلیا کے کوچنگ اسٹاف میں ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن اور ان کے معاون کوچ ڈیوڈ سیکر کو جوائن کریں گے ٗ آسٹریلیا کے نئے بولنگ کوچ ڈیوڈ سیکر اور فیلڈنگ کوچ کریگ بلوٹ بھی نومبر میں جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے اپنے معاہدے کا آغاز کریں گے۔

گراہم ہک کے لیے سب سے بڑا اور پہلا چیلنج بھارت کے خلاف ہونے والی 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ہوگی کیونکہ آسٹریلیا ایشیا میں گزشتہ 9 ٹیسٹ میچ ہار چکا ہے اور کینگروز کو سری لنکا کے خلاف حالیہ ہونے والی سیریز میں 3 صفر سے عبرتناک شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

50 سالہ گراہم ہک نے انگلینڈ کی جانب سے 65 ٹیسٹ میچوں کی 114 اننگز میں 3 ہزار383 رنز بنارکھے ہیں جس میں 6 سینچریاں اور 18 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ٗ ٹیسٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 178 ہے۔ ایک روزہ میچز میں گراہم ہک نے 120 میچز کی 118 اننگز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی اور 3 ہزار 846 رنز بنائے جس میں 5 سینچریاں اور 27 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ٗ ون ڈے میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 126 ہے۔

گراہم ہک نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 136 سینچریوں اور 158 نصف سنچریوں کی مدد سے 41 ہزار 112 رنز بنارکھے ہیں ٗ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 405 رنز ہے جو اب تک دنیا میں صرف 8 کھلاڑی ہی بناسکے ہیں۔