جسٹس فائز عیسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کر دی

345

اسلام آباد:سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے 19جون کے عبوری فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ فیصلے پر نظر ثانی کر کے 19جون کے عبوری حکم کو ختم کرے۔

انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایف بی آر نے اہل خانہ کے خلاف کارروائی تفصیلی فیصلے سے پہلے ہی شروع کر دی،ایف بی آر کی درخواست گزار کی رہائش گاہ کے باہر نوٹس چسپاں کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ حکومتی تحریری دلائل پر جواب جمع کرانے کا موقع دیا جائے۔

خیال رہے کہ 19جون کو سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف صدارتی ریفرنس کو کالعدم کر دیا تھا۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ نےدلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دیا تھا۔

عدالت کی جانب سے سنائے گئے مختصر فیصلے 10 ججز میں سے 7 ججز نے جسٹس قاضی فائز کی اہلیہ کے ٹیکس معاملات ایف بی آر کو بھیجنے کا حکم دیا تھا۔فیصلے کے مطابق ایف بی آر کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ جسٹس قاضی عیسی کی اہلیہ کو پراپرٹی سے متعلق 7 روز میں نوٹسز جاری کرے۔