قنبر: رشوت نہ دینے پر نوجوان قتل‘ پولیس لاش سول اسپتال میں پھینک کر فرار

128

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) قنبر کی مہی مکول پولیس نے نوجوان کو گرفتارکرنے کے بعد بھاری رشوت نہ ملنے پر مبینہ طور پر سخت تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا اور لاش سول اسپتال میں پھینک کر فرار ہوگئے، احتجاج کے بعد ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکاروں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج۔ قنبر کی مہی مکول پولیس نے قنبرکے گاؤں دھنو چانڈیو کے رہائشی شخص ضمیر حسین چانڈیو کو کچھ روز قبل کسی مقدمے کی تحقیقات میں گرفتار کیا تھا اور رہائی ک لیے ورثا سے بھاری رشوت طلب کررہی تھی۔ مقتول کے بھائی نظیر چانڈیو نے بتایاکہ مہی مکول پولیس نے تین ہفتے قبل میرے بھائی ضمیر حسین کو بیگناہ گرفتار کرکے تھانے میں بند کردیا تھااور رہائی کیلئے ہم سے بھاری رشوت طلب کررہی تھی اور رشوت نہ دینے پر پولیس نے میرے بھائی کو بیدردی سے تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے قتل میں ملوث تمام پولیس افسران واہلکاران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، اس سلسلے سول اسپتال قنبر کے ڈاکٹروں نے مقتول ضمیر حسین چانڈیو کا لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کردی ہے۔ اس سلسلے میں منتخب سیاسی نمائندوں کی مداخلت اور اعلیٰ پولیس افسران کے حکم پر مقتول ضمیر حسین چانڈیو کے ماموں خادم حسین چانڈیو کی مدعیت میں ایس ایچ او مہی مکول تھانہ واحد بخش لاشاری سمیت 7 پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے تمام معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔