وطن عزیزکا مسئلہ خوراک کی کمی نہیں ضیاع ہے، ڈاکٹر عبدالوکیل

112

فیصل آباد (جسارت نیوز) پاکستان ایگریکلچرل سائنٹس فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالوکیل نے کہا ہے کہ وطن عزیزکا مسئلہ خوراک کی کمی نہیں بلکہ خوراک کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہاکہ غذا کے ضیاع روک تھام اور اس حوالے سے رویے تبدیل کرنے پر انتہائی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملک کا ہر فرد سالانہ اوسطاً 124 کلو گرام گندم صرف کرتا ہے لیکن تحقیق کے مطابق خوراک کی اصل مقدار تقریباً 102 کلو گرام بنتی ہے اور باقی اناج ہم ضائع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی کے لیے زرعی مہارت کی حامل دیہی آبادی کی شہروں کی جانب نقل مکانی کی حوصلہ شکنی اور دوسری جانب نئے شہروں کی آبادکاری میں بھی یہ اہتمام لازم ہوکہ وہاں متوازن طور پر زرعی سرگرمی کا بھی انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پر ایک بڑا دبائو خوردنی تیل کی درآمد کی بنا پر ہے، ملکی وسائل کو بروئے کار لاکر اس بوجھ کو کم کیا جاسکتا ہے، ملک کی بیشتر زرعی زمینیں خوردنی تیل مہیا کرنے والی فصلوں کے لیے انتہائی ساز گارہیں۔ سویا بین ملک کے چاروں صوبوں میں کاشت کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے پورے ملک میں 136 ایسے مقامات و اضلاع کی نشاندہی کی ہے جہاں اس کی کاشت میں کامیابی ممکن ہے۔ سورج مکھی بھی ایسی فصل ہے، جو ملک کے تمام صوبوں کے بیشتر علاقوں میں کاشت ہوسکتی ہے۔ کنولا، ناریل، مکئی اور زیتون ان فصلوں کی کاشت کو بڑھانے کے لیے کسانوں کو مالی اور تکنیکی ماونت دے کر زرمبادلہ کو بچایا بھی جاسکتا ہے اور ملکی فوڈ سیکورٹی کو مزید مربوط کیا جاسکتا ہے۔