نصاب میں تبدیلی اسلامی تشخص کی پامالی ہے، جاوید قصوری

123

لاہور (نمائندہ جسارت) ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے صدر محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نصاب تعلیم میں ردبدل کرکے ملکی اساس اور اخلاقی اقدار کے ساتھ ساتھ اسلامی تشخص کو پامال کرنا چاہتی ہے۔ ملی یکجہتی کونسل حکمرانوں کے کسی غیر ملکی ایجنڈے کو کامیاب نہیں دے گی۔ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو سیکولر بنانے کے ایجنڈے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں حکومتی سرپرستی میں مندر کی تعمیر کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں۔ حکومت پاکستان اپنے وسائل اور فنڈز کے ساتھ وفاقی دا ر الحکومت میں مندر کی تعمیر کر کے دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ پاکستان ایک سیکولر ریاست ہے ۔ عوام اسلامی جمہوریہ پاکستان کیخلا ف اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ملی یکجہتی کونسل اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل سے رابطہ کرے گی اور سرکاری سطح پر مندر کی تعمیر کیخلاف مزحمت کی جاے گی ۔ پاکستان میں اقلیتوں کا بے حد احترام کیا جاتا ہے ۔لیکن حکومت کا یہ اقدام کسی بھی صورت میں درست نہیں ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے تنظیمی اجلاس کے بعد میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید طاہر محمود بخاری، حافظ نصیر احمد نورانی ،سید سبطین حیدر سبزواری، محمد شفیق مجاہد ،قاسم علی قاسمی ،محمد زاہد شیخ، حسن فاروق، سید برہان الدین عثمانی ،عاصم مصطفی سہروردی، عبدالمالک حیات ،ڈاکٹر طاہر سراج،محمد فاروق چوہان، قاری یونس ریحان ،مولانا غلام شبیر قادری، حافظ محمد اسلم صدیقی، خالد مبین، محمد تجمل بیگ، عزیز الرحمن، عطا الرحمن، نوید زبیری ، محمد عمران الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنا یاجائے۔ انگریزی میڈیم پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ ابتدائی تعلیم اردو کے ساتھ مادری زبانوں میں دینے پر بھی توجہ دی جائے۔دینی مدارس کے ثانویہ اور خاصہ کے لیے لازمی ہو کہ وہ متعلقہ بورڈ کے میٹرک اور انٹر کے امتحان کے مساوی ہو۔ دینی مدارس کے شہادۃ العالمیہ پاس نوجوانوں کو ایم ایس ،ایم فل، پی ایچ ڈی عام یونیورسٹیوں سے کرنے کی اجازت ہو نیز سول سروس کے تمام درجوں کے مقابلے کے امتحان میں شامل ہونے کی بھی اجازت ہو، اس مقصد کے لیے قرآن، حدیث، فقہ وغیرہ کے متعلقہ مضامین اعلیٰ سروسز کے امتحانی نصاب میں شامل کیا جائے۔ نصاب کو ایمانیت ، عبادات، سیرت طیبہ، مشاہیر اسلام، اسلامی تہذیب اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے یہ قوتیں بے لگام ہوگئی ہیں۔