مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا ،وزیر اعظم

199

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر پر بات کروں گا ‘مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کی انتہا ہوچکی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ طاقت سے ایسی تحریکوں کو نہیں دبایا جاسکتا، ظلم و مٹنا ہے اور حق کی فتح ہونی ہے کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

وہ جمعہ کو اپنے دورہ مظفر آباد میں حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف جب مظفر آباد دورہ پر آئے تو آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سمیت کابینہ اراکین ‘ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنماؤں اور عوام نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر لوگوں نے شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات پرویز رشید، امور کشمیر برجیس طاہر، معاون خصوصی طارق فاطمی اور آصف کرمانی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم سے حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر پر بات کروں گا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کی انتہا ہوچکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیری انصاف اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو عالمی برادری تسلیم کرچکی ہے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے۔ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت سے ایسی تحریکوں کو نہیں دبایا جاسکتا۔ ظلم و مٹنا ہے اور حق کی فتح ہونی ہے کشمیریوں کی سفارتی‘ اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ اس موقع پر حریت رہنماؤں نے وزیر اعظم نوا زشریف کا دورہ امریکہ سے قبل اعتماد میں لینے پر شکریہ ادا کیا۔