بھارت کو ہرا کر ٹیسٹ سیریز کا جاندار آغاز کریں گے، کین ولیمسن

226

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز کین ولیمسن نے کہا ہے کہ بھارت کو ابتدائی میچ میں زیر کر کے ٹیسٹ سیریز کا جاندار آغاز کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22 ستمبر سے کانپور میں شروع ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیریز کا پہلا میچ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے جبکہ شکست کی صورت میں دوبارہ مومینٹم حاصل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اس لئے میزبان ٹیم کے خلاف پہلا میچ جیت کر سیریز میں جاندار انٹری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وارم اپ میچ میں شرکت سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ ذہنی طور پر بھی کافی مضبوط ہیں، اگر کھلاڑی گیم پلان کے مطابق کھیلے تو یقیناً فتح ہماری ہو گی، بلاشبہ بھارت اچھی ٹیم ہے اسے اسکی سرزمین پر ہرانا اور انکو آسان تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے اور کامیابی کیلئے ہر کھلاڑی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ کھیل کے تینوں شعبوں میں جان مارنا ہوگی۔