سلیکٹرز نے مینڈیٹ چرا کر عمران خان کو مسلط کیا، افتخار حسین

124

نوشہرہ (صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں، سلیکٹرز نے عوامی مینڈیٹ چراکر انہیں اس ملک پر مسلط کردیا، اپوزیشن کو ایک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا، حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے، وزیراعظم جس چیز کے بارے میں ایکشن لیتے ہیں اس کی قیمت ڈبل ہو جاتی ہے، نیب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، ملک میں کرپشن و مہنگائی عروج پر ہے، موجود حکومت ناکام ترین حکومت ہے، ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں اور سیکورٹی ایجنسیاں سیاسی عمل میں مداخلت نہ کریں، سلیکیڈ حکومت کو جانا ہوگا، موجودہ حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا ملک و قوم کیلیے بڑا نقصان ہے، ان حکمرانوں کو لانے والوں نے اس ملک اور قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا ہے۔اپنے اکلوتے بیٹے میاں راشد حسین کی 10ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ احسان اللہ احسان جیسے کرداروں کو قرار واقعی سزا دینے تک شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ دہشت گرد ایک مرتبہ بھر منظم ہو رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف حکومتی پالیسی تبدیل ہونی چاہیے، دہشت گردوں کے سامنے کبھی بھی نہیں جھکیں گے، راشد حسین ایک بیٹا تھا 10 بیٹے بھی ہوتے تو دھرتی کی حفاظت کیلیے قربان کردیتا۔