چیئرمین  پی سی بی کے بعد چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی چھٹیاں منانے انگلینڈ چلے گئے

239

لاہور:قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں واقع  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ہیڈ کوارٹر ویران ہو گیاہے، چیئرمین احسان مانی کے بعد چیف ایگزیکٹیو وسیم خان خاموشی سے چھٹیاں منانے انگلینڈ چلے گئے ہیں۔

 بائیو سیکیور ماحول میں ڈومیسٹک کرکٹ کے آغاز سمیت دیگر کئی اہم معاملات کودوسروں پرچھوڑ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی خاموشی سے برمنگھم پہنچ گئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ کئی دن قبل انگلینڈ جا چکے مگر اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

اس دوران ان کے2 ویڈیو انٹرویوز بھی مخصوص میڈیا کو جاری کیے گئے جس سے یہ تاثر سامنے آیا جیسے وہ لاہور میں ہی فرائض انجام دے رہے ہیں، پاکستان کو ان دنوں ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے بائیو سیکیور ماحول کی تیاری سمیت اہم چیلنجز درپیش ہیں، ایسے میں دونوں بڑے آفیشلز کا چھٹیوں پر چلے جانا خاصا حیران کن لگتا ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ قومی ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ پر انگلینڈ گئے تھے۔

 ترجمان پی سی بی نے کہا کہ احسان مانی اور وسیم خان گوکہ سالانہ چھٹیوں پر انگلینڈ گئے مگر دونوں وہاں سے ویڈیو کالز پر میٹنگز میں شریک ہوتے ہیں،وہ دورے کاکوئی الاونس وغیرہ کلیم نہیں کریں گے۔

 ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ وسیم خان پاک انگلینڈ سیریز کے میچز دیکھنے  گراونڈ نہیں جائیں گے، ان کی 10یا 11اگست کو لاہور واپسی ہو جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ  دونوں بڑے آفیشلزکا اسٹاف سے رابطہ ہے اس لیے کسی قائم مقام چیئرمین کا تقرر نہیں کیا گیا۔