یورپی یونین کو سنگین حالات کا سامنا ہے،جرمن چانسلر

258

جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین کو چھوڑنے کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سلواکیہ میں منعقد اجلاس میں کہا ہے کہ یورپی یونین نازک دور سے گزر رہی ہے،یورپ کے مسائل کا حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے،ہمیں سنگین صورتحآل کا سامنا ہے۔

انجیلا میرکل نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے یورپی اتحاد کو دیکھانا ہوگا کہ وہ سکیورٹی، دفاعی اور معاشی معاملات میں بہتری لا سکتے ہیں۔اجلاس میں شرکت کے لیے سلواکیہ پہنچنے پر جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ یورپ کے مسائل کے لیے ہمیں حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے، ہمیں سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔انجیلا میرکل کا مزید کہنا تھا کہ ایک اجلاس میں یورپ کے تمام مسائل کا حل نہیں نکالا جاسکتا ہے۔ ہمیں دیکھانا ہوگا کہ ہم سکیورٹی، دہشتگردی کا مقابلہ اور دفاعی معاملات میں کیسے بہتری لا سکتے ہیں۔

یورپی ممالک میں تارکینِ وطن اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر متفق نہیں ہیں۔ سلواکیہ کے دارالحکومت برٹیسلاوا میں ہونے والے اس اجلاس میں برطانیہ کے یورپی یونین کو چھوڑنے کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات کے متعلق بات چیت نہیں ہو گی۔

اگرچہ برطانیہ کے یورپ چھوڑنے کے حوالے سے اس اجلاس میں بات چیت نہیں ہوگی اور برطانوی وزیرِاعظم ٹریسا مے بھی اس اجلاس میں شرکت نہیں کر رہی ہیں لیکن اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بریگزٹ کے بادل اس اجلاس پر چھائے رہیں گے۔

اس سے قبل جرمنی کے وائس چانسلر سگمار گیبریئل نے خبردار کیا تھا کہ اگر بریگزٹ کا معاملہ درست طریقے سے نہ نمٹایا گیا تو یورپین یونین کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔سگمار گیبریئل نے کہا تھا کہ اگر دوسرے ملکوں نے برطانیہ کے نقشِ قدم پر چلنا شروع کر دیا تو یورپی یونین ختم ہو سکتی ہے۔