دو ماہ میں پرائمری کی سطح پریکساں نصاب نافذ ہو جائیگا، اکبر ایوب

133

ایبٹ آباد (اے پی پی) خیبرپختونخوا کے وزیر ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن اکبر ایوب خان نے اعلان کیا ہے کہ امیر اور غریب کا فرق ختم کرنے کے لیے آئندہ 2 ماہ میں پرائمری کی سطح پریکساں نصاب تعلیم نافذ کر دیا جائے گا۔ کورونا وبا کے خطرات سے بچنے کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے پڑے، کافی سوچ بچار کے بعد نویں اور گیارویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج مرتب کرنے کا مشکل فیصلہ کیا گیا ، کورونا کی وجہ سے بند کیے گئے شعبوں کو کھولنے کا جائزہ عید کے بعد لیا جائے گا تاہم آئندہ عید اور محرم کے ایام میں کورونا سے بچاؤ کے لیے انتہائی زیادہ احتیاط کرنا ہوگی۔ یہ اعلانات انہوں نے منگل کے روز بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پختونخوا کے سیکرٹری تعلیم ندیم افضل چودھری، پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات،ان کے والدین اور متعلقہ اسکولوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔جبکہ بورڈ کے چیئرمین پروفیسر مختار خان اور سیکرٹری ڈاکٹر شائستہ ارشاد نے اس موقع پر خطاب کیا۔