پاکستان کا دورہ کرنے پر خوشی ہوگی،انگلش کپتان

207

ساؤتھمپٹن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان جوئے روٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کا دورہ کرنے میں خوشی ہوگی، وہاں کی وکٹیں فلیٹ اور یہاں کی نسبت مختلف ہیں جس پر بیٹنگ کرنا وہ پسند کریں گے۔

ساؤتھمپٹن سےآن لائن پریس کانفرنس کےدوران  صحافیوں کے سوال کاجواب دیتے ہوئےانگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان ایک اچھا ملک ہے، وہاں جب ٹیسٹ کرکٹ واپس آئی تھی تو عوام کے جذبات دیکھنے سے تعلق رکھتے تھے۔

 انہوں نےکہا کہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں سے پوچھا تھا کہ پاکستان میں دوبارہ کھیل کر کیسا لگا ، سب کا یہی کہنا تھا کہ کافی مثبت محسوس ہوا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی کسی ٹیم نے 2005 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تاہم کورونا وائرس صورتحال میں مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے انگلینڈکے خلاف سیریز کیلئےاس سال دورہ کیا جس کے بعد پی سی بی کے سی ای او وسیم خا ن اور سابق کپتان وسیم اکرم دونوں نے ہی کہا کہ انگلینڈ کو پاکستان کا جوابی دورہ کرنا چاہیے ۔

انگلش کرکٹ ٹیم کو شیڈول کے مطابق 2022 میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، تاہم پی سی بی اس دورے سے قبل انگلینڈ کیخلاف ایک مختصر سیریز کی میزبانی کا بھی خواہشمند ہے  اور وہ اس کیلئے کوششیں کررہا ہے۔