کارکردگی کی بنیاد پر ملازمین کی فہرستیں بنائی جائیں، وزیر اعلیٰ پختونخوا

120

پشاور (آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیر، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر رکن بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے تمام وزراء اور سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ 15 دن کے اندر اپنے محکموں میں 2 سال سے زاید ایک ہی عہدے پر کام کرنے والے اسٹاف کے تبادلوں کا ہوم ورک تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر دفتروں میں طویل عرصے تک تعینات اہلکاروں کا فیلڈز میں تبادلہ کیا جائے۔ ایک دفعہ ٹرانسفر کے بعد کسی کی کوئی سفارش نہیں آنی چاہیے۔ کارکردگی اور شہرت کے بنیاد پر اہلکاروں کی بلیک، گرے اور وائٹ لسٹیں تیار کی جائیں۔ گرے لسٹ میں شامل اہلکاروں کا تبادلہ اور بلیک لسٹ میں شامل اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل لائی جائے۔کسی بھی تحصیلدار اور پٹواری کو ان کے اپنی تحصیل اور علاقے میں تعینات نہ کیا جائے۔ تمام محکمے ای ٹرانسفر پالیسی اپنانے پر کام کریں۔وزراء باقاعدگی سے اپنے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں،صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کو بہر صورت یقینی بنائیں گے۔