سندھ اور پختونخوا میں ٹریفک حادثات‘17افراد جاں بحق

92

نوشہرہ کینٹ/ٹنڈوم آدم(خبر ایجنسیاں )خیبر پختونخوا اور سندھ میں ٹریفک کے المناک حادثات میں 17افراد جاں بحق اور 58افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے پشاور جانے والی مسافر کوچ کھائی نوشہرہ کے علاقے جبہ داودزئی کے قریب کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق اور 33زخمی ہوگئے ۔ریسکیو 1122کے مطابق تیز رفتار بس ڈرائیور کو نیند آنے سے بے قابو ہوکر الٹ گیا۔زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا ہے ۔تھانہ پبی کے ایس ایچ او انسپکٹر زرداد خان کے مطابق میاں راشد میموریل اسپتال پبی میں لاشیں لائی گئیں ہیں جس میں ایک بچی بھی شامل ہے ۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں نورالرحمان ولد محمد شاہ عمر 35سال سکنہ قمردین گڑھی پشاور،نور خان ولد اکبرخان سکنہ نوشہرہ،عمران خان ولد ظہور خان سکنہ پنجاب اوکاڑہ کینٹ،عبدالکفیل ولد اقبال خان سکنہ دیر کالونی پشاور،عمرخان ولد نور عالم سکنہ چارسدہ،اور نبی گل ولد محمد گل سکنہ ٹانگ شامل ہیں۔تھانہ اکبرپورہ میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔دوسری جانب نوری آباد کے قریب شادی سے واپسی کے دوران ڈاٹسن الٹ جانے کے باعث 5 افراد جاں بحق 25 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں ٹنڈوآدم کے قریبی گاؤں عارب خاصخیلی کے رہائشی بگٹی برادری کے 3 افراد 60 سالہ سہراب، 30 سالہ ولی داد، 8 سالہ رشید موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 25 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔علاوہ ازیں 70 سالہ مہر علی ، بھائی80 سالہ مرز علی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے زخمیوں میں 3 افراد نور زادی، کناری، اور صالح محمد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی ۔